سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے ، جلد نتائج کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، چیئرمین انٹر بورڈ

منگل 9 اگست 2016 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین محمد اختر غوری نے کہا ہے کہ سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے ، جلد نتائج کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، ملازمین کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جارہا ہے۔ ملازمین سے بھی توقع کرتا ہوں کہ وہ ادارے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،ملازمین اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اجتماعی سوچ کا مظاہرہ کریں اور ادارے کے مفادات کا تحفظ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ملازمین کو پروموشن اور کنفرمیشن دینے کے سلسلے میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، قائم مقام سیکرٹری عظیم احمد سمیت بورڈ کے تمام افسران اور ملازمین شریک تھے۔ یاد رہے بورڈ کی تاریخ میں پہلی دفعہ ملازمین کی پروموشن اور کنفرمیشن کے اعلان کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺاور قومی ترانہ سے ہوا جس کے بعد ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کو تقریب سے خطاب کرنے کے لئے مدعو کیا گیا اس موقع پر تمام ملازمین و افسران نے کھڑے ہو کر محمد عمران خان چشتی کا والہانہ استقبال بہت دیر تالیاں بجا کر کیا، اس موقع پر ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین بورڈ محمد اختر غوری بورڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ ملازمین سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کی تیاری کیلئے جس طرح محنت سے اپنا کام کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔

اس موقع پر چیئرمین انٹربورڈ محمد اختر غوری نے 60 ملازمین کو پروموشن دینے، 42ملازمین کو کنفرم کرنے اور 168 ملازمین کیلئے پری میجیور انکریمنٹ دینے کا اعلان کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ محمد اخترغوری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ادارہ اور ملازمین مجھے اپنے گھر کی طرح عزیز ہیں اور میں گھر کے سربراہ کی حیثیت سے ادارے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے اور ملازمین کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہوں۔تقریب میں بورڈ کے تقریباً تمام ملازمین موجود تھے جنہوں نے چیئرمین انٹربورڈ محمد اختر غوری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان کی بورڈ کیلئے خدمات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :