لاہورپریس کلب میں سانحہ کوئٹہ میں صحافیوں کی شہادت کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا

منگل 9 اگست 2016 21:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء ) لاہور پریس کلب ، پی یو جے ، ایمرااور اینکا کے زیر اہتمام سانحہ کوئٹہ میں صحافیوں کی شہادت کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا، صحافیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر صحافتی فرائض اداکئے جبکہ لاہور پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرا ئے گئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر صدر پریس کلب محمد شہباز میاں، صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ، صدر ایمرا عابد خان، صدر اینکا وحید بٹ، سیکرٹری پی یو جے عامر سہیل، سیکرٹری ایمرا آصف بٹ، ممبر گورننگ باڈی شیر افضل بٹ،سینئر صحافی نعیم مصطفی،بابر ڈوگر، شاہد چوہدری، ضمیر آفاقی، ٓحسان ناز، فاروق جوہری، جمیل شیخ، اقبال جھکڑ، عبدالرحمٰن، نعیم گیلانی، مسلم لیگ (ق) کے عمران مسعود، آمنہ الفت، مذہبی و سیاسی رہنما ،وکلاء اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا حکومت کے مطابق دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم کر دیا گیا ہے ، خدارا قوم سے جھوٹ بولنا بند کر دیں ، ہمیں اب حقائق کا سامنا کرنا چاہئے،انہوں نے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا ورکرز کی سیکورٹی یقینی بنائیں اور اس حوالے سے ورکرز کے اتحاد کی ضرورت ہے، پریس کلب نے گذشتہ کچھ ماہ میں صحافیوں کی متعددسیفٹی ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے میڈیا مالکان بھی ورکرز کی ٹریننگ کروائیں۔

پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ میڈیا مالکان سے ہمارے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے، حکومت صحافیوں کی انشورنس کروائے اورانہیں سیفٹی ٹریننگ دے جبکہ شہید صحافیوں کو سرکاری اعزاز ات دیئے جائیں، انہوں نے اعلان کیا کہ تین روز بعد مطالبات کے حوالے سے تمام صحافتی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔

مظاہرین سے سینئر صحافی نعیم مصطفی، عابد خان، پی یو جے دستور کے نائب صدر اصغر چوہدری، قمر بھٹی، وحید بٹ، میاں عمران مسعود، جمیل شیخ، وکیل رہنما وسیم قریشی ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کو انکا حق دیا جائے، ریاست کے دو ستونوں وکلاء اور صحافیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی ، وکلاء اور صحافیوں نے اس ملک میں جمہوریت کی بحالی اور ملک کی مضبوطی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :