سانحہ پشاور کے بعد سانحہ کوئٹہ نے ایک بار پھر قوم کو زخمی کر دیا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پالیسی کو مزید تیز ہو نا چاہیے

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کابیان

منگل 9 اگست 2016 20:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو سوگوار کر کے رکھ دیا ہے ۔سانحہ پشاور ، چار سدہ کے بعد سانحہ کوئٹہ نے ایک بار پھر قوم کوزخمی کر دیا ہے۔ سانحہ کوئٹہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں بھرپور جنگ لڑی اورآج موجودہ حکومت نے بھی پیپلز پارٹی کی پالیسی کو جاری رکھا ہوا ہے لیکن اس پالیسی کو مزید تیز ہو نا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وکلاء ،صحافیوں اور شہریوں کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے تاکہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں ۔