چین کی جانب سے پاکستانی طلباء کے لئے وظائف جاری

131پاکستانی طلباء مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے،پاکستان کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، چینی سفیر کا تقریب سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 20:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) چین نے 131پاکستانی طلباء کو چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے وظائف جاری کر دیئے ۔ منگل کے روز چینی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے کامیاب طلباء کو چینی سفارتخانے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران ایڈمشن لیٹرز جاری کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ 131میں سے107طالبعلموں کو وزارت بین الصوبائی ہم آہنگی کی تجویز پر وظائف دیے گئے ہیں ۔

انہوں نے وظائف حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین میں اپنے ملک پاکستان کی بطور سفیر نمائندگی کریں گے ۔ طلباء دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی طلباء چین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک اور اپنے آبائی شہروں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔

چینی حکومت ہمیشہ سے اپنے پاکستانی دوستوں کو بااعتماد شراکت دار ، اچھا ہمسایہ اور آہنی بھائی تصورکرتی ہے ۔ ہم پاکستان کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہر سال چین پاکستانی طلباء کے لئے220وظائف جاری کرتا ہے جن میں سے کچھ نئے طلباء کے لئے جبکہ دیگر پہلے سے چین میں موجود پاکستانی طلباء کے لئے وقف ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ کسی بھی جنوبی ایشیائی ملک کے طلباء کے لئے سب سے زیادہ وظائف پاکستان میں دیئے جاتے ہیں ۔ اس پروگرام کے علاوہ چینی وزارت تعلیم اپنی یونیورسٹیوں کو خصوصی فنڈز جاری کرتی ہے تاکہ چین میں اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ رواں سال دو ہزار سے زائد پاکستانی طالبعلموں کو خصوصی سکالر شپس جاری کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین تعلقات عظیم تعمیر وترقی کے نئے باب میں شامل ہو چکے ہیں ۔چینی صدر شی جن پنگ کے اپریل2015میں کئے جانے والے دورہ پاکستان کے بعد دونوں ممالک باہمی سیاسی اعتماد سازی کو فروغ دینے ، معاشی وتجارتی روابط کو وسیع کرنے اور ثقافتی وتعلیمی تبادلوں کو مزید گہرا کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں میں روزگار کے مزید مواقع سامنے آ رہے ہیں جو صرف مزدوروں کے لئے نہیں بلکہ پیشہ ورانہ قابلیت رکھنے والے نوجوانوں کے لئے بھی ہے ۔

مثال کے طور پر کچھ دن قبل پورٹ قاسم توانائی کے منصوبہ کی جانب سے سینکڑوں انجینئروں کو بھرتی کیا گیا ہے جنہیں تربیت کے لئے چین بھیجا جائے گا۔ چین میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے چینی ٹیکنالوجی اور معیار پر گرفت حاصل کرنے سے آنے والے دنوں میں کامیابی کے مزید مواقع ملتے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ آپ سب کا مستقبل روشن ہے ۔ چینی سفیر نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر بھی شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم میں ہمیشہ پاکستانی اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے تاکہ پاکستانی بہن بھائیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرتے ہوئے امن کا قیام یقینی بنایا جاسکے ۔ کوئٹہ حملہ چینی حکومت اور عوام کے لئے دکھ اور افسوس کی گھڑی ہے ۔ تقریب میں شریک تمام شرکاء نے کوئٹہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔

تقریب میں چینی سفیر کی اہلیہ میڈم باؤ جی چنگ اور وزارت بین الصوبائی ہم آہنگی کے سیکرٹری راجہ محمد نادر علی نے بھی شرکت کی۔ چینی حکومت کی جانب سے پاکستانی طلباء کو دونوں ممالک کے مابین موجود معاہدوں کے تحت وظائف مختلف شعبوں میں فراہم کئے جاتے ہیں ۔ وظائف حاصل کرنے والے نوجوانوں کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، کراچی ، کوئٹہ، پشاور ، گوادر ، گوجرانولہ، کمالیہ، ملتان ، سوات مینگورہ، سرگودھا اور ڈیرہ اسماعیل سے ہے ۔ طلباء چینی جامعات میں کمپیوٹر سائنس، بزنس ایڈمنسٹریشن، فنانس ، فزیکل کمیسٹری، آرکیٹکچر، سول انجینئرنگ ، انٹرنیشنل لاء، براڈ کاسٹنگ کمیونیکیشن ، میڈیا کے شعبوں میں بیچلر، ماسٹرز ، ایڈوانس ٹریننگ اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :