بھارت پاکستان کے ساتھ علانیہ جنگ لڑرہا ہے جس کی مثال گذشتہ روزکوئٹہ سول ہسپتال میں خود کش دھماکہ ہے ،ملکی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ، کمزور پالیسیوں کی بنا پر آج ملک میں بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی ـ"راـ"کے ایجنٹ دہشتگردی کر رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد کا بیان

منگل 9 اگست 2016 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ علانیہ جنگ لڑرہا ہے جس کی مثال گذشتہ روزکوئٹہ سول ہسپتال میں خود کش دھماکہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملکی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ، کمزور پالیسیوں کی بنا پر آج ملک میں بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی ـ"راـ"کے ایجنٹ دہشتگردی کر رہے ہیں اور بھارتی فوج کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را"پاکستانیوں کی قاتل ہے اس کے ہاتھ فاٹا سے کراچی تک پاکستان کی شیعہ ، سنی ، اسماعیلی اور عیسائی آبادی کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی ایجنسی کا مقصد پاکستان میں مختلف لسانی گروہوں ،مذہبی مکاتب فکر کو لڑانا اور ملک کو سیاسی ، معاشی اور معاشرتی عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی طرف سے بھارت کے مکروہ عزائم کو اجاگر کرنے کی کوشش کی تو بھارتی وزیر دفاع منوہر پار یکر نے واضح طور پر اس کا اعتراف کرتے ہوئے دہشت گردی کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا اعادہ کیا ۔

جس پر بھارتی وزیر دفاع کو اپنی پارلیمنٹ میں داد تحسین دی گئی اس بات سے واضح ہو جاتا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف علانیہ جنگ لڑ رہا ہے ۔ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کارملک وقوم کے دشمن ہیں ان کا قلع قمع کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے جب سہولت کا رروں کو پکڑ کر کڑی سے کڑی سزائیں دی جائیں گی تب ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کی بھی کمر ٹوٹ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکمران حوش کے ناخن لیتے ہوئے بھارت کے ساتھ کشمیر اوراندرونی مداخلت پر ملکی خارجہ پالیسیوں میں تبدیلی کریں اوربھارت کے ساتھ دلیرانہ اور دو ٹوک موقف اختیار کریں ۔