بھارت کا پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے مبینہ سرحد پار دہشتگردی کے خلاف احتجاج ،پاکستان نے مسترد کردیا

بھارت پاکستا ن پر الزام تراشیوں کا سلسلہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرے ،آئندہ الزامات لگائے گئے تو سخت جواب دیا جائے گا،مقبوضہ کشمیر سے گرفتار بہادر علی کو پاکستانی بنا کر پیش کیا جارہا ہے، یہ سراسر غلط ہے ، عبدالباسط نے بھارتی حکام کو کھری کھری سنادیں سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے مبینہ جاری سرحد پار دہشتگردی پراحتجاج ریکارڈ کرایا اور مراسلہ حوالے کیا ،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

منگل 9 اگست 2016 20:23

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے مبینہ سرحد پار دہشتگردی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا ہے تاہم پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستا ن پر الزام تراشیوں کا سلسلہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے ،آئندہ اگر پاکستان پر الزام تراشی کی گئی تو اسکا سخت جواب دیا جائے گا،مقبوضہ کشمیر سے گرفتار بہادر علی کو پاکستانی بنا کر پیش کیا جارہا ہے جو سراسر غلط ہے ۔

۔منگل کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیا ن میں کہاکہ سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے سرحد پار سے جاری دہشتگردی کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ا ور مراسلہ بھی حوالے کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستا ن پر الزام تراشیوں کا سلسلہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے ،آئندہ اگر پاکستان پر الزام تراشی کی گئی تو اسکا سخت جواب دیا جائے گا۔

عبدالباسط نے بھارتی حکام کو کھری کھری سنادیں اور کہاکہ آئندہ بھارت کی الزام تراشی کو برادشت نہیں کیا جائے گا،بھارت پاکستان پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ۔انکا کہنا تھاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے گرفتار بہادر علی کو پاکستانی بنا کرپیش کررہا ہے جبکہ اسکا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اگر بھارت دوبارہ الزام تراشی کی تو اسکا سخت جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی وزارت کے ترجمان وکاس سوراپ کا کہنا تھاکہ پاکستانی ہائی کمشنر کے حوالے کیے گئے مراسلے میں لشکرطیبہ کے دہشتگرد اور پاکستانی شہری بہادر علی جسے حال ہی میں گرفتار کیا گیاتھا کا حوالہ دیا گیا ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہری بہادر علی الیاس ابو سیف اﷲ کو جموں وکشمیر میں 25جولائی کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھاجس میں ایک اے کے 47رائفل،گولہ بارود،بم اور گرینیڈ لانچر ،جدید ترین مواصلاتی آلات اور دیگر پاکستانی اور غیر ملکی مواد بھی شامل ہیں۔

بہادر علی 17دسمبر 1995کو پیدا ہوا جو محمد حنیف کا بیٹا ہے اور ضلع لاہور کے گاؤں جیا بگہ کا رہائشی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بہادر علی نے اعتراف کیا ہے کہ اسے لشکرطیبہ کے کیمپوں میں تربیت دینے کے بعد بھارت میں دراندازی کیلئے روانہ کیا گیا ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کی طرف سے تربیت یافتہ دہشتگردوں کو حملے کی ہدایت کے ساتھ بھارت میں دراندازی کیلئے بھیجنے کے خلاف سخت احتجاج کرتا ہے ۔یہ سب پاکستانی لیڈروں کی جانب سے اعلی سطح پر کرائی گئی یقین دہانیوں کے برعکس ہے ۔بہادر علی نے اپنے خاندان سے ملنے اور قانونی امداد کیلئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط بھی لکھا ہے ۔ہم پاکستانی ہائی کمیشن کو بہادر علی تک قونصلر رسائی دینے کو تیار ہیں۔