سانحہ کوئٹہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارستانی ہے، شیخ عثمان فاروق

راج ناتھ سنگھ کو چوہدری نثار کا جواب پسند نہ آیا اور کوئٹہ کا واقع اُسی کا رد عمل ہے ، واردات افغانستان میں انڈیا کے قونصل خانوں سے پلان کی گئی،نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 9 اگست 2016 20:11

ڈیرہ غازیخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی صوبہ پنجاب نائب امیر شیخ عثمان فاروق نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والا سانحہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارستانی ہے راج ناتھ سنگھ کو چوہدری نثار احمد خان کا جواب پسند نہ آیا اور کوئٹہ کا واقع اُسی کا رد عمل ہے یہ بات انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ڈیرہ غازیخان میں امیر ضلع پروفیسر عطا محمد جعفری اور جنرل سیکرٹری منیر احمد کلاچی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 60 سے زائد وکلاء اور درجنوں شہریوں کی شہادت اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کا واقعہ پوری قوم کو سوگوار بنا گیا ہے دہشت گردی کی یہ واردات افغانستان میں انڈیا کے قونصل خانوں سے پلان کی گئی اور ماضی میں بھی آرمی پبلک سکول ،باچہ خان یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات رونما ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر سانحہ کوئٹہ پر بحث کرائیں اور بھارت کو وہی جواب دیا جائے جسکا وہ مستحق ہے انہوں نے شہید ہونے والے شہریوں اور وکلاء کی مغفرت کی دعا کی او ر مطالبہ کیا کہ سوگوار خاندانوں کو فی الفورمعاوضہ دیا جائے اور زخمیوں کی مکمل صحت یابی تک علاج معالجہ کیا جائے ۔