وزیراعلیٰ شہبازشریف کاسی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ،زخمیوں کی عیادت کی اورانہیں پھول دےئے

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات،جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین اورزخمیوں کیلئے ساڑھے سات کروڑ روپے کا چیک دیا ہمیں یقین تھا کہ شہبازشریف ہماری عیادت کے لئے ضرورآئیں گے،ان جیسا رحم دل انسان نہیں دیکھا‘زخمیوں کی گفتگو

منگل 9 اگست 2016 19:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف گزشتہ روز کوئٹہ گئے اورسی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ کوئٹہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری سے ملاقات کی اورشہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے ساڑھے سات کروڑروپے(75ملین روپے) کا چیک دیااور ہر طرح کی مدداورعلاج معالجے کی پیشکش کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی آمد پر ان کے شکرگزار ہیں اوران کی یہاں آمد سے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب کو ہم نے ہمیشہ اپنے ساتھ کھڑا پایا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دل میں اہل بلوچستان کے لئے جو درد اوراحساس ہے ہم اس کی دل سے قدر کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حتمی جنگ جاری ہے اورہمیں اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ دھماکے کا واقعہ ایک قومی سانحہ ہے،جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔معصوم لوگوں کے بہنے والے خون سے پوری قوم رنجیدہ ہوئی ہے۔پوری قوم کی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردوں کا نہ کوئی دین ہے نہ مذہب، یہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں پر ظلم ڈھانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں ۔

بربریت کا مظاہرہ کرنیوالے سفاک درندے ہیں اوردھرتی کا بوجھ ہیں۔یہ بدبخت وحشی اس قابل ہیں کہ انہیں رہتی دنیا تک نشان عبرت بنادیا جائے ۔ قوم کے غیر متزلزل عزم اور اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست فاش دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاک دھرتی کا بوجھ ہیں جن کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب سے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگی ہے اوراب اسے آگے بڑھانا ہے ۔

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اورپاک سر زمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرکے دم لیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کے دورہ کے دوران زخمیوں کی عیادت کی ، زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔وہ ایک ایک زخمی کے پاس گئے اوران کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو پھول بھی دےئے۔

اس موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی طرف سے آپ کیلئے یکجہتی کا پیغام اورہمدردی کے جذبات لیکرآیا ہوں ۔پنجاب میں ہر آنکھ آپ کیلئے اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کونئی زندگی دی ہے،اس پر جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے۔وزیراعلیٰ نے دیگر وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی بھی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔

ہسپتال میں زیر علاج مریضوں نے شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دعاوٴں کی ضرورت ہے ۔ہمیں یقین تھا کہ شہبازشریف ہماری عیادت کے لئے ضرورآئیں گے۔آپ کی آمد سے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صرف پنجاب کا ہی نہیں ہمارا بھی ہے۔زخمی ایڈووکیٹ حبیب الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جیسا رحم دل انسان ہم نے کم ہی دیکھا ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف جب کوئٹہ پہنچے تو ائیر پورٹ پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری اور بلوچستان کے صوبائی وزراء بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اورایم پی اے جہانگیر خانزادہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :