جھنگ کے وکلاء کی سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت، شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی

منگل 9 اگست 2016 18:15

جھنگ۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء ) ملک بھر کی طرح جھنگ میں بھی زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ملک کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔ بار کی طرف سے مکمل ہڑتال کی گئی اور شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی۔ وکلاء نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی شوریٰ کے ممبر شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ ، ضلعی امیرملک عبدالرزاق کھوکھرودیگرنے مشترکہ بیا ن میں کہا کہ کو ئٹہ میں وکلا ء سمیت 70سے زائد انسانوں کی ہلاکت درند گی کی انتہا ہے۔جھنگ پریس کلب کے صدر لیاقت علی انجم نے سانحہ کوئٹہ میں میڈیا نمائندگان اور وکلاء کی شہادت پر اظہار افسوس اورشدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ جو بھی ہو اس کا نشانہ ہمیشہ بے گناہ افراد ہی بنتے ہیں اور سانحہ کو ئٹہ کا لقمہ معصوم میڈیا نمائندگان اور وکلاء بنے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیامیڈیا کے افراد کے ساتھ ساتھ تمام افراد نے سیکیورٹی یقینی بنائے ۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن جھنگ کی جانب سے سانحہ کو ئٹہ پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیاگیا ہے ۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر صوفی ثناء اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہو نے والے وکلاء سے پوری وکلاء برادری سوگوار ہے۔ وہاں شہید ہو نے والے سینیئر وکلاء اساتذہ کا درجہ رکھتے تھے اور وکلاء برادری کے لئے کل کا دن سیاہ ترین دن تھا ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بارایسو سی ایشن کی جانب سے سات روزہ سوگ کا اعلان کیا اور کہا کہ ان سات دنوں میں وکلاء صبح دو گھنٹے عدالتی کارروائیوں میں حصہ لیں گے اور اس کے بعد ہڑتال کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :