ملک دشمنوں کی پاکستان میں سیاسی اور جمہوری عدم استحکام کی سازشیں ناکام ہوں گی ،راجہ محمد فاروق حیدر خان

منگل 9 اگست 2016 17:04

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کی پاکستان میں سیاسی اور جمہوری عدم استحکام کی سازشیں ناکام ہوں گی ۔دہشت گردی کے ذریعے اہل پاکستان کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا ۔دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ ملک دشمن عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے ۔

بلوچستان دھماکہ میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ملوث ہے ۔بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں کررہا ہے ۔بھارت انسانیت کا قاتل ہے اور اس کے انتہا پسند حکمران مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہے ہیں۔ اقوام عالم اس بین الاقوامی دہشت گرد کا راستہ روکے اور اسے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے آنے والے عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کے ایمان کاحصہ ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سے اہل کشمیر کا دل دکھتا ہے ۔اہل کشمیر نے قیام پاکستان سے قبل پاکستا ن کو اپنی منزل قرار دے رکھا ہے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیئے اہل کشمیر اپنا لہو بہا رہے ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر سے بہنے والے دریا کشمیریوں کے لہو سے رنگین ہیں کشمیر تقسیم ہند فارمولے کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام اس ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔بھارت کے قابض اور غاصب حکمران اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق صحیح معنوں میں گڈ گورننس قائم کرے گی جس سے قانون اور انصاف کی حکمرانی قائم ہو گی اور ناانصافیوں کا ازالہ ہو گا ۔

استحصالی کلچر کا خاتمہ ہو گااور ماضی کے کرپٹ سسٹم سے عوام کو نجات ملے گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جنگی بنیادوں پراقدامات کر کے کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے اور تحریک آزادی کے بیس کیمپ کو کرپشن فری ریاست بنا دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں عوام کو ایسا طرز حکومت مہیا کریں گے جہاں ریاستی تشخص اجاگر ہو گا ۔میرٹ پر سوفیصد عملدرآمد ہوگا۔

استحصالی اور سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی ہو گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ موقف سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی تحریک کو نیا ولولہ ملا اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا ۔بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔بھارت اب عالمی برادری میں ایکسپوز ہو رہا ہے ۔بھارت زیادہ عرصہ تک مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔

متعلقہ عنوان :