کراچی ،شہری انتظامیہ نے 700 سے زائد کتے ماردیئے،جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان نالاں

منگل 9 اگست 2016 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) شہرقائد کے جنوبی علاقے میں جاری کتا مار مہم کے دوران شہری انتظامیہ نے 700 سے زائد کتے ماردیئے ہیں، جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان نالاں ہوگئے۔کراچی میونسپل اتھارٹی کے ترجمان جاوید ستار نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے دو روزہ کتا مارمہم میں 700 سے زائد کتے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے آوارہ کتوں کے خلاف مہم نا چلنے کے سبب شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا تھا، محض جناح اسپتال میں گزشتہ سال 6،500 افراد کو سگ گزیدگی کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق رواں سال اس نوعیت کے 3،700 سے زائد کیسز درج ہوچکے ہیں ، واضح رہے کہ یہ اعدادو شمارکراچی کے صرف ایک سرکاری اسپتال کے ہیں جو کہ ظاہر کرتے ہیں کہ شہرقائد میں سگ گزیدگی کے واقعات بے پناہ بڑھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں آوارہ کتوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں تاہم یہ تعداد ہزاروں میں ہے اوران کتوں کا یوں سرعام پھرنا باعث تشویش ہے۔دریں اثنا جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس طرح جانوروں کا قتلِ عام درندگی ہے اور شہری انتظامیہ کی یہ حرکت انسانی اقدار کے منافی ہے۔دوسری جانب ماہرین کا ماننا ہے کہ جانوروں کی آبادی کنٹرول کرنے کے جدید طریقہ کار اپنا کر آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پایا جاسکتا ہے اور انہیں ایسی ویکسینز بھی دی جاسکتی ہیں جن سے یہ بے ضرر ہوجائیں۔