جشن آزادی پاکستان بھر پور مذہبی جوش و جذبہ ،پورے ملی بیداری کیساتھ منانے کیلئے ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری امجداقبال کی سربراہی میں اجلاس ،انتظام و انصرام کا جائزہ لیا گیا

منگل 9 اگست 2016 16:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)جشن آزادی پاکستان کو بھر پور مذہبی جوش و جذبہ اور پورے ملی بیداری کے ساتھ منانے کے لیے ڈپٹی کمشنر چوہدری امجداقبال کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں جشن آزادی پاکستان کے جملہ انتظام و انصرام کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری حق نواز، ایس پی مرزازاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال چوہدری محمدایوب، افسرمال سہیل بشیر، ڈی ایف او عمران صادق ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرمحمدجاوید ملک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرراشدتراب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اصغرعلی ، ایکسین برقیات عمرحیات،چیف آفسربلدیہ چوہدری غلام یاسین، چیف آفیسرضلع کونسل اشفاق نور، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت چوہدری شبیراحمدطاہر، ڈپٹی سیکرٹری تعلیمی بورڈ چوہدری محمدتاج، پراجیکٹ منیجرلوکل گورنمنٹ حافظ محمدانور، انجمن تاجراں کے چوہدری نعیم،چوہدری محموداور ریسکیو 1122کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردارمحمدرفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرزبیرجرال ، ایس ڈی او اصغرمرزاو دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی پاکستان کے سلسلہ میں 14 اگست کو میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی ۔اس موقع پرپاکستان اور آزادکشمیرکے قومی پرچم لہرائے جائیں گے اور قومی ترانے پیش کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال نے تمام ڈویژنل و ضلعی سربراہان محکمہ جات ،سیاسی و سماجی ،مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں ،انجمن تاجراں ،وکلاء،صحافیوں سمیت زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے ملی بیداری کا ثبوت دیں جبکہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں جشن آزادی پاکستان کے سلسلہ میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

جس میں پرچم کشائی قومی و ملی نغمے پیش کیے جائیں گے اور جشن آزادی کی اہمیت و افادیت پر سیر حاصل کفتگو کی جائے گی ۔انھوں نے سرکاری افسران سے کہا کہ وہ اس دن کے حوالہ سے اپنے دفاتر پر قومی پرچم اورجھنڈیاں لہرائیں جبکہ سول سوسائٹی اپنے گھروں ،محلو ں میں بھی قومی پرچم کے ساتھ ساتھ گھروں پرچراغاں اور جھنڈیاں بھی لہرائیں ۔14اگست کی صبح کا آغاز ضلع بھر کی تمام مساجد میں دعائیہ تقریب سے ہو گا ۔

علماء کرام نماز فجر کے بعد پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام پاکستان ،اور شہدائے پاکستان و کشمیر کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کروائیں گے ۔اس طرح ضلع بھر میں تمام سرکاری و نیم سرکاری اور پرائیویٹ عمارات پر قومی پرچم لہرائیں جائیں گے اور عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔تعلیمی ادارے جشن آزادی کے حوالے سے جملہ انتظامات کریں گے ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر چوہدری امجداقبال نے شہداء کوئٹہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کروائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکروائی اور کوئٹہ بم دھماکے میں شہید اورزخمی ہونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔