کراچی،مئیرکیلئے ایم کیوایم سمیت 3جماعتوں کے 8امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

منگل 9 اگست 2016 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میئر کے لئے ایم کیوایم کے وسیم اختر سمیت 3 جماعتوں کے 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جبکہ بلدیہ جنوبی کے وائس چیئرمین کے امیدوار کے کاغذات مسترد کردیئے گئے ہیں۔سندھ میں بلدیاتی انتخاب کے آخری مرحلے میں میئر اورڈپٹی میئر کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی ریٹرننگ افسر سمیع صدیقی نے ایم کیوایم کے اسیر نامزد میئر وسیم اخترسمیت ارشد وہرہ،عارف خان،ندیم ہدایت ہاشمی سمیت پیپلزپارٹی کے کرم اللہ وقاصی اور مسلم لیگ (ن )کے ڈپٹی میئر کے امیدوار امان اللہ آفریدی کے کاغذات منظور کرلیے ہیں۔

کراچی میں چھ ڈسڑکٹ میونسپل کارپوریشنز میں چیئرمین وائس چیئرمینز کے لیے بھی امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی کی گئی۔

(جاری ہے)

ضلع جنوبی کے وائس چیئرمین کے امیدوار عبداللہ دشتی کے کاغذات مسترد کردیئے گئے۔امیدواروں کی حتمی فہرست 16 اگست کو آویزاں کی جائے گی۔ پولنگ 24 اگست جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان 25 اگست کوکیاجائیگا۔ مئیر ، ڈپٹی مئیر اور ضلعی چئیرمین اور وائس چیئرمین 30اگست کو حلف اٹھائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیاسے گفتگو میں نامزدڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کہا کہ جب عہدے سنبھالے تو کراچی کے عوام اپنے مسائل حل ہوتے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کو یتیم سمجھا جا رہا ہے، بیوروکریسی نے وزیراعلی کو بے وقوف بنا رکھا ہے۔مئیر کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار نے کراچی کی ناقص صفائی ستھرائی کا ذمے دار میٹروپولیٹن کو قرار دیا ہے، ڈپٹی مئیر کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے بلدیاتی کمزوریوں، پانی کی قلت ختم کرنے سمیت ترقیاتی منصوبوں کے شہریوں کو خواب دکھا دئیے۔