ضلعی حکومت ہری پورنے مالی سال 2016-17ء کے لئے 80 کروڑ روپے کا مجموعی بجٹ اسمبلی میں پیش کر دیا

منگل 9 اگست 2016 16:11

ہری پور۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) ضلعی حکومت ہری پور نے مالی سال 2016-17ء کا مجموعی طور پر 80 کروڑ روپے کا بجٹ ضلعی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ باصلاحیت طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کرنے سمیت تکنیکی تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر ہنر مندوں کیلئے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، معزز ممبران کیلئے اعزازیہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ صحت کے شعبہ میں طبی سہولیات پوری کرنے کیلئے اضافہ کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ضلعی اسمبلی کا اجلاس نائب ضلع ناظم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ضلع ناظم عادل اسلام نے سال 2016-17ء کا بجٹ ایوان میں پیش کیا جس میں 16 ماتحت شعبہ جات کا سیلری اور نان سیلری بجٹ شامل ہے۔ ہری پور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیم، صحت، تکنیکی تعلیم، لائیو سٹاک اور ڈیری کے شغبہ میں انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے دوررس اثرات ضلع کے عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں محکمہ مال کیلئے 10 کروڑ 51 لاکھ 96 ہزار، تعلیم کیلئے 3 ارب 57 کروڑ 43 لاکھ، صحت کیلئے 35 کروڑ 74 لاکھ، مواصلات کیلئے 3 کروڑ 77 لاکھ، پبلک ہیلتھ کیلئے 10 کروڑ 98 لاکھ، فشریز کیلئے 50 لاکھ 92 ہزار، لائیو سٹاک کیلئے 3 کروڑ 39 لاکھ، تحفظ اراضیات کیلئے 66 لاکھ 21 ہزار، کوآپریٹو کیلئے 50 لاکھ 36 ہزار، واٹر مینجمنٹ کیلئے 95 لاکھ 97 ہزار، زرعی توسیع کیلئے 2 کروڑ 48 لاکھ 74 ہزار، سماجی بہبود کیلئے ایک کروڑ 82 لاکھ، کھیل کیلئے 29 لاکھ 57 ہزار، بہبود آبادی کیلئے 4 کروڑ 61 لاکھ 41 ہزار، لوکل گورنمنٹ کیلئے 8 کروڑ 37 لاکھ33 ہزار جبکہ شہری دفاع کی مد میں 7 لاکھ 30 ہزار مختص کئے گئے ہیں۔

ضلع ناظم عادل اسلام نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام قانونی قواعد وضوابط کو ملحفوظ خاطر رکھا گیا ہے اور ضلعی کونسل کی فنانس کمیٹی نے بجٹ کی توثیق بھی کر دی ہے۔