اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار امریکی شہری راولپنڈی کی عدالت میں پیش، مزید ریمانڈ منظور

میرا پاکستان آنا قانونی ہے ، میں نے پاکستان میں شادی کر رکھی ہے ۔ میتھیو بیریٹ کا عدالت میں بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 اگست 2016 14:24

اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار امریکی شہری راولپنڈی کی عدالت میں پیش، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09اگست 2016ء ) : اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار امریکی شہری میتھیو بیریٹ کو راولپنڈی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت پیشی پر امریکی شہری میتھیو نے بیان دیا کہ میرا پاکستان آنا قانونی ہے۔ میتھیو کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں شادی کر رکھی ہے۔ میرے پاس ویزا بھی موجود ہے جو ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ نے مجھے جاری کیا۔

میتھیو نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے میرے خلاف ماضی میں دی گئیں ایف آئی آرز ختم کیں، حساس ادارے سے گرفتاری کا الزام بھی غلط ثابت ہوا۔ مجھے بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا گیا تھا۔ میتھیو نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس قانونی ویزا ہے تو میں بلیک لسٹ میں کیسے شامل ہو سکتا ہوں۔

(جاری ہے)

مجھے پاکستان کی ہر عدالت سے بے گناہ تصور کر کے بری کیا گیا۔

دوسری جانب تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کا کرمنل ریکارڈ اور ایف آئی آرز موجود ہیں، ملزم امریکہ میں بھی گرفتار ہوا اور جیل میں رہا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے دلائل سننے کے بعد میتھیو کو ہدایت کی کہ تفتیشی ٹیم کو تفتیش مکمل کرنے دیں۔ عدالت نے میتھیو کا مزید 3 روزہ ریمانڈ منظور کر کے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا۔ یاد رہے کہ امریکی شہری میتھیو بیریٹ کو اسلام آباد ائیر پورٹ آمد پر گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد حکام کا کہنا تھا کہ میتھیو پاکستان میں بلیک لسٹ ہے اور اس کا ویزا غیر قانونی ہے۔ میتھیو سے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :