جام پور میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو قتل کردیا

منگل 9 اگست 2016 14:09

جام پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) جام پور میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو قتل کردیا ‘مقتول نوجوان کے ورثاء نے اس کی میت مقامی تھانے داجل کے باہر رکھ کر احتجاج کیا ‘تھانے میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس کی 5گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ضلع راجن پور کی تحصیل جام پور کے قصبہ داجل میں چار ڈاکووں نے دو بھائیوں سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی، جس سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

نوجوان کی ہلاکت اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر ورثا اور اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور میت داجل تھانے کے باہر رکھ کراحتجاج کیاڈی پی او راجن پور حافظ عرفان اللہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے تاہم مشتعل مظاہرین نے تھانے میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور پتھراؤ کیا جس سے ڈی پی او راجن پور حافظ عرفان اللہ معمولی زخمی ہوئے۔مشتعل مظاہرین نے ڈی پی او سمیت پولیس کی 5گاڑیوں کو بھی آگ لگادی ‘پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کی گئیں ‘ پولیس کی مزید نفری اور رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا جنہوں نے مظاہرین کو قابو میں کیا۔

متعلقہ عنوان :