مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی تعیناتی کوئی نئی بات نہیں‘شبیر شاہ

منگل 9 اگست 2016 13:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے جموں وکشمیر کوبھارتی فوج کے حوالے کئے جانے کی اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں البتہ ظلم و تشددکا سلسلہ دراز کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ جزبہ ایثار ،شجاعت اور استقامت کے سامنے دنیا کی کوئی بھی قوت ٹھہر نہیں سکتی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر شاہ نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ عملاََ پورے مقبوضہ علاقہ باالخصوص جنوبی کشمیر بھارتی فوجی نرغے میں ہے اور ہم گزشتہ 69 برس سے فوجی ظلم و جبر کے باوجود آج بھی آزادی کے اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ انہوں نے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کی تعریف و توصیف کرتے ہوئے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کشمیر پہلے ہی سے فوج کے نرغے میں ہے ،البتہ انتظامیہ اعلان کرنے سے شاید اس لئے کترارہی ہے کہ عوامی عدالت میں مزید شرمند گی سے بچ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بار پھر عوام سے کہا کہ وہ کٹھ پتلی حکام کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کو خاطر میں نہ لائیں اور اپنے مشن برائے آزادی پر قائم رہیں۔انھوں نے عالمی قیادت سے مخلصانہ اپیل کی کہ وہ کشمیر ی عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ۔ شبیر احمد شاہ نے شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی آٹھویں برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید حریت رہنماء کی تحریک آزادی کیلئے قربانیوں کوسنہرے الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کو11اگست 2008کو بھارتی فوجیوں نے اس وقت گولیاں مارکر شہید کردیا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندگروپوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے بعدکنٹرول لائن کی طرف ایک بہت بڑے مارچ کی قیادت کررہے تھے۔شبیر شاہ نے کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انھوں نے حریت کانفرنس کی طرف سے عیدگاہ میں ان کے مزار پر فاتحہ خوانی اور اس دن کو یوم تجدید عہد کے طور نبھانے کے پروگرام کی مکمل تائد و حمایت کی ۔