سائٹ لمیٹڈ کے ایم ڈی، سیکریٹری، انجینئر سمیت دیگر غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری

منگل 9 اگست 2016 13:03

کراچی ۔ 9اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) سائٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام مجتبیٰ جویو، سیکرٹری آغا فخر، انجینئر عبدالمالک بھٹی، بایو میٹرک کلرک اور دیگر غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے اچانک سائٹ لمیٹڈ کا دفتر پر چھاپہ مارا اس دوران انہوں نے دفتر کے مختلف سیکشن کا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر منظور وسان نے سائٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام مجتبیٰ جویو، سیکریٹری آغا فخر، انجینئر عبدالمالک بھٹی، بائیو میٹرک کلرک اور دیگر غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیئے۔ صوبائی وزیر کو ملازمین کا ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر بائیو میٹرک کلرک کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئیں۔ سائٹ لمیٹڈ دفتر میں 914 ملازمین میں سے 308 ملازمین غیر حاضر تھے۔ دفتر میں ٹوٹي کرسیوں اور گندگی پر منظور وسان نے برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے غیر حاضر ملازمین کا بائیو ڈیٹا حاصل کر لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افسران و ملازمین اپنا قبلہ درست کر لیں۔