سانحہ کوئٹہ کے بعد فضا سوگوار، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند

بلوچستان حکومت کے اعلان کے بعد صوبے میں تین روزہ سوگ ، عدالتوں میں ہڑتال ، وکلا کی جانب سے احتجاج جا ری

منگل 9 اگست 2016 12:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 اگست ۔2016ء) کوئٹہ سول ہسپتال دھماکے کے بعدملک کی فضا سوگوار ہے۔ کوئٹہ شہر میں اداسیوں اور ویرانی کے ڈیرے ہیں ہر کوئی غم سے نڈھال ہے۔ عدالتوں میں سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند ہیں۔ بلوچستان حکومت کے اعلان کے بعد صوبے میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں بھی کوئٹہ سانحے پر فضا سوگوار ہے۔

عدالتوں میں ہڑتال ہے اور وکلا کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔دوسری طرف دھماکے کے بعد کوئٹہ سے ستائیس شدید زخمیوں کو فضائیہ کی ایئر ایمبولینس پر کراچی منتقل کیا گیا جہاں انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہمی کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ کے سی ایم ایچ ہسپتال میں بھی زخمی زیر علاج ہیں۔دوسری طرف کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونیوالے آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد کی نماز جنازہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ادا کر دی گئی جبکہ ڈان ٹی وی کے شہید کیمرہ مین محمود ہمدرد کی تدفین کوئٹہ میں کی گئی۔

(جاری ہے)

ادھر دھماکے پر بلوچستان میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سات روزہ سوگ منا رہی ہے۔دھماکے کے خلاف انجمن تاجران کی کال پر کوئٹہ شہر کے کاروباری مراکز میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال کیگئی اور شہر میں ٹریفک معمول سے کم رہا۔ اس کے علاوہ شہر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اور کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔دوسری جانب ہلاک شدگان کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی جا رہی ہے۔واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکے میں 70 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

متعلقہ عنوان :