فلم کے حوالے سے نروس ہوں، عزیر جسوال

منگل 9 اگست 2016 12:03

فلم کے حوالے سے نروس ہوں، عزیر جسوال
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست۔2016ء) گلوکار عمیر جسوال کے چھوٹے بھائی عزیر جسوال اپنی پہلی فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور مداح بہت جلد انھیں فلموں میں بھی جلوہ گر ہوتے دیکھیں گے۔عزیر اس سے قبل پاکستانی فلم ’جلیبی‘ میں بھی ایک مختصر کردار ادا کرچکے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو عزیر جسوال کا اپنی فلم کے حوالے سے کہنا تھاکہ میں ایک ایسے نوجوان لڑکے کا کردار کر رہا ہوں جو ہمیشہ اپنے دوستوں کی مدد کرنے کے لیے تیار رہتا ہے اور ان کے لیے کوئی بھی قربانی دے سکتا ہے، یہ ایک رومانوی کہانی ہے۔

اس فلم میں عزیر جسوال کے ساتھ عشنا شاہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جبکہ ایاز سموں، مریم انصاری، عاصمہ، ثنا فاخر اور کئی دیگر اداکار معاون کردار کریں گے۔

(جاری ہے)

عزیر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اداکاری کی آفرز طویل عرصے سے ہورہی تھیں، میں بہت نروس اور پریشان تھا، لیکن پروڈسرز نے مجھے فلم کرنے پر راضی کرلیا۔عزیر کے مطابق اس فلم کا اسکرپٹ پڑھنے کے بعد اور پروڈیوسرز اور اداکاروں کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ یہی صحیح وقت ہے، میں آج بھی بہت نروس ہوں لیکن مجھے امید ہے کہ یہ فیصلہ صحیح ثابت ہوگا۔

فلم میں اداکاری کے ساتھ گلوکاری کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں عزیر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ فلم میں کئی بہترین گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے لیکن اگر انہیں اداکاری کے ساتھ گلوکاری کرنے کا بھی موقع ملا تو وہ ضرور کریں گے۔اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز اگلے ماہ ستمبر میں کیا جائے گا جس کی ریلیز اگلے سال کے آغاز میں متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :