موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں انرجی بحران کی شدت کم ہوچکی ہے،چودھری بشیر ورک

پیر 8 اگست 2016 23:06

گوجرانوالہ۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء )ایم این اے چودھری محمود بشیر ورک نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے سنگین بحران کا سامنا تھا اور موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں انرجی بحران کی شدت کم ہوچکی ہے اور پورے ملک میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جارہے ہیں جس وجہ سے اپوزیشن جماعتیں خوف کا شکار ہوچکی ہیں اور انہیں واضح نظر آرہا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اسی طرح عوامی خدمت کا ایجنڈا آگے بڑھاتی رہی تو آئندہ انتخابات میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ سے واپسی پر ڈی سی کالونی میں یوسی چیئرمینوں، کونسلرز اور کارکنان سے ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈے سے بری طرح خوف زدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری جمہوری حکومت کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہیں اور جھوٹ کے سہارے زندہ رہنے کی کوشش کررہے ہیں مگر اب عوام ان کا اصلی چہرہ پہچان چکے ہیں اور ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔