اکیسویں چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2016اختتام پزیرہوگئی

دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہماری قوم اور مسلح افواج کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے، کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، ایئرچیف ایڈمرل محمد ذکا اﷲ

پیر 8 اگست 2016 22:38

اکیسویں چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2016اختتام پزیرہوگئی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) اکیسویں چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن 2016ء کی اختتامی تقریب پیر کوکراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے آغاز میں کوئٹہ واقعہ کے شہدا ء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اﷲ نے کہا کہ ہم کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہماری قوم اور مسلح افواج کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے آفیسرز اور جوانوں کی دعائیں اور جذبات غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ بعد ازاں مہما ن خصوصی نے کھلاڑیوں کے اسپورٹس مین اسپرٹ کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نیوی گالف کے فروغ اور ہر سال اس معیار کی گالف چیمپئین شپ کے انعقاد کے لئے اپنی کوششیں اور تعاون جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

نیول چیف نے اتنے بڑے پیمانے پر ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر کراچی گالف کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔

مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ بلاشبہ گالف ہر عمر کے لوگوں میں بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے جن میں خواتین اور نوجوان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں نہایت جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور بھر پور مقابلہ کیا۔ انہوں نے انعامات جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی پیش کی اور گالف کے فروغ کے لیے مسلسل تعاون پر اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔

4 تا 7 اگست منعقد کیا جانے والا چار روزہ ٹورنامنٹ انعامی رقم کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس کی انعامی رقم 6 ملین روپے رکھی گئی تھی۔ علاوہ ازیں پانچ لاکھ روپے کراچی گالف کلب کے کیڈیز /سیمی پروفیشنل کھلاڑیوں کے درمیان مقابلوں کے لئے مختص کئے گئے تھے۔ چیمپئین شپ کے دوران مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں کیڈیز، سیمی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور جونئیر پروفیشنلزکے لئے 36 ہولز، سینئرز اور خواتین کے لئے 18 ہولز، ویٹرنز کے لئے 9 ہولز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے لئے 72 ہولز پر مشتمل مقابلے شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :