غیرت کے نام پر بٹگرام میں شادی شدہ لڑکی اور شادی شدہ مرد کو قتل کردیا گیا ، لواحقین کو انصاف کی بجائے دھکے مل رہے ہیں

بٹگرام سے آئے مومن خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) غیرت کے نام پر بٹگرام میں شادی شدہ لڑکی اور شادی شدہ مرد کو قتل کردیا گیا۔ لواحقین کو انصاف ملنے کی بجائے دھکے مل رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بٹگرام سے آئے ہوئے مومن خان نے بتایا کہ میرے بھائی جنگی خان اور خاندانہ بی بی کو برماوت نے بے گناہ قتل کیا۔

ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔ برماوت جو کہ خاندانہ بی بی کا خاوند تھا ۔ برماوت نے الزام لگایا کہ میرے بھائی کے اس کی بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے ، جس کی بنیاد پر اس نے میرے بھائیجنگی خان کو اپنے 3ساتھیوں سمیت مل کر قتل کردیا ۔ اس کے دوسرے دن اپنی بیوی خاندانہ بی بی کو بھی قتل کر دیا ۔ ہم نے بٹگرام میں 14 جولائی کو برماو ت کے خلاف ایف آئی آر کٹوا دی تھی مگر ا س کی بیوی کے قتل کی ایف آئی آر نہ کاٹی جاسکی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں خاندانہ بی بی کے خاندان والوں نے عدالت میں کیس کیا اور جج نے موقع پر آکر قبر کشائی کروائی اور پھر برماوت پر اس کی بیوی خاندانہ بی بی کی ایف آئی آر بھی کٹی، مگر آج تک نہ تو پولیس نے انہیں پکڑا اور نہ ہی ہمیں انصاف ملا ۔ ہمارا چیف جسٹس سے یہ مطالبہ ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے اور برماوت کو گرفتا ر کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :