سانحہ کوئٹہ :حکومت را کے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔حافظ نعیم الرحمن

پے درپے بم دھماکوں نے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ثبت کردیا ہے،ان بم دھماکوں میں بھارت کے ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا

پیر 8 اگست 2016 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ سے پورا ملک سوگوار ہے،امن و امان کے قیام کے حکومتی دعوؤں کے باوجود بم دھماکے ہورہے ہیں۔نواز شریف بھارت سے تجارت کے بجائے عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں اور پورے ملک میں پھیلے را کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پرسانحہ کوئٹہ کے خلاف صحافی تنظیموں کی جانب سے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے سانحہ میں وکلاء،صحافیوں اور ڈاکٹر کی شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا بالخصوص سانحہ کے کوریج کے دوران دو کیمرہ مین کی شہادت پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی شہید ہونے والے کیمرہ مینوں کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملک کا امن تباہ کیا جارہا ہے،پے درپے بم دھماکوں نے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ثبت کردیا ہے،ان بم دھماکوں میں بھارت کے ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،المیہ یہ ہے کہ حکومت را اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بھارت سے تجارت اور دوستی کی پینگیں بڑھارہی ہے،بھارت سے دوستی کو قوم کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی ،اب تو حکومتی عہدیداران بھی ان دھماکوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے حکومت کو دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے عملی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے،جماعت اسلامی شہید ہونے والے افراد بالخصوص صحافیوں کے ساتھ ہے،ہم صحافیوں کے ساتھ ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کرے اور را کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔دریں اثناء سانحہ کوئٹہ کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے تحت پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس سے جے آئی یوتھ ونگ کراچی کے صدر بلال رمضان،جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبد الواحد شیخ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے خطاب کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر شہیدا ء سے اظہار یکجہتی اور را کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔اس موقع پر شرکا نے دہشت گردوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت نے اول دن سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کے بقا اور سلامتی کے خلاف سازشیں کیں اور اب ایک بار پھر وہ را کے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے دوستی نواز شریف کاایجنڈا تو ہو سکتا ہے مگر قوم کا نہیں قوم آلو پیاز کی تجارت کو تسلیم نہیں کرتی اور وہ ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری سے بھارت کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں،بھارت کے ایسے ہی ایجنٹ بم دھماکوں میں ملوث ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :