آئی جی سندھ کا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

مددگار 15 کو اندرون تین ماہ اپ گریڈ کردیا جائے ۔ آئی جی سندھ ٹریفک پولیس میں جلد ہی مزید 4700 کی نفری شامل ہوجائے گی۔اے ڈی خواجہ

پیر 8 اگست 2016 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر کے علاوہ ویسٹ اور ساوُتھ زون کے ڈی آئی جیز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے عہدیداران و ممبران نے ان کا استقبال کیا ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مددگار 15 کی اپ گریڈیشن اندرون تین ماہ کردی جائے جبکہ شہر میں نئے منتخب کردہ مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ کیمروں کی ٹیکنیکی خرابیوں کو بھی مرمت کرنے کے اقدامات جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم اور باالخصوص بھتہ پرچیوں کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور شہر کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں اور اس حوالے سے پاکستان آرمی چیف نے بھی کہا ہے کہ مسلح افواج و پولیس باہم ملکر جرائم کے خلاف انتہائی پرعزم ہیں ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل انتہائی اہم تھی جس کے تحت ریکروٹمنٹ کے عمل میں غیر جانبداری، شفافیت اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد 4700 اہلکار ٹریفک پولیس کراچی کی افرادی قوت کا حصہ بن جائیں گے جس سے بلا شبہ ٹریفک اقدامات میں مزید بہتری آئے گی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی پولیس کو اس وقت بیس ہزار کی افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے تاہم کم از کم دس ہزار آسامیوں کی پولیس میں بھرتی کے حوالے سے جلد ہی سفارشات وزیر اعلی سندھ کو برائے منظوری ارسال کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی کے اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں چوبیس فیصد تک کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام سامنے آئیں اور جرائم کے خلاف اپنی مدعیت میں ایف آئی آرز درج کرائیں تاکہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کاروائیاں مذید موُثر بناسکیں کیونکہ جرائم ودیگر مسائل کے بروقت حل میں شہریوں کا کردار و تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم کے خلاف پولیس اور رینجرز باہم ملکر کاروائیاں کررہے ہیں اور اس شہر کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے شہدائے سندھ پولیس و رینجرز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ جن کی بدولت اس شہر کی روشنیاں بحال ہوئیں اور عوام کو پرامن ماحول میسر آیا ۔اس موقع پر تاجر برادری نے شہر میں قیام امن کے حوالے سے پولیس اقدامات کو سراہا اور جرائم کے خلاف شہریوں کی ہمت افزائی جیسے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :