حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے،صحافی برادری

زندگیاں بچانے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا ،دہشت گردی ایک ناسور بن چکا ہے جسے ختم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں،مظاہرے سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے اور دہشت گردی ایک ناسور بن چکا ہے جسے ختم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سڑکوں پر آنا ہوگا۔ پچھلے چند سالوں میں صحافیوں کی اموات کی شرح میں بہت اضافہ ہوا ہے جس کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ اور سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں کا کوئٹہ بلوچستان میں ہونے والے بم دھماکہ کے خلاف صحافیوں اور وکلاء کے جاں بحق ہونے پر منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب۔ صدر نیشنل پریس شکیل انجم نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے اور صحافی تنظیموں اور حکومت کو صحافیوں کی زندگیاں بچانے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا اور باہمی اتحاد و یگانگت سے ہی دہشت گردی کی عفریت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ نے کہا کہ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور آج کا مظاہرہ دہشت گردی اور کوئٹہ میں ہونے والے المناک سانحہ کے خلاف ہے اور ہمیں حکومت اور دیگر اداروں سے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا اور صحافیوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں اس طرح کے واقعات کے بعد صحافیوں کے بچے مالی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں جس کے لئے ہمیں ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران احمد ڈھلوں نے کہا کہ آج کا واقعہ انسانیت سوز اور المناک ہے اور صحافیوں کو تحفظ مہیا کرنے کے لئے ہم سب کو بھرپور کوشش کرنا ہوگی تاکہ صحافی کی زندگی کا تحفظ کیا جا سکے اور اس حوالے سے آئندہ مربوط لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ صدر آر آئی یو جے نے کہا کہ یہ خونریزی اب بند ہونی چاہئے اس طرح کے افسوسناک واقعات کے بعد صحافیوں کے بچوں اور خاندان کا مالی تحفظ مشکل ہو جانا اور صحافیوں کی زندگیوں کو بچانے کے لئے اقدامات انتہائی ضروری ہیں اور دہشت گردی اور خوف کی فضا کو ختم کرنا ہوگا تاکہ صحافی اپنے کام پر توجہ دیں لوگوں کو اطلاعات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔

متعلقہ عنوان :