اسلامی یونیورسٹی و جامعہ پشاور کے اشتراک سے بین المسالک اہم آہنگی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

پیر 8 اگست 2016 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد اور پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’’ بین المسالک و اہم آہنگی، اسلام میں آداب اختلاف‘‘،کے عنوان پر تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔ یہ ورکشاپ جامعہ پشاور کے سمر کیمپس باڑہ گلی (نتھیا گلی) میں جامعہ پشاور کے شعبہ اسلامیات او ر اسلامی یونیورسٹی کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے اشتراک سے ترتیب دی گئی۔

پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی ، ریکٹربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس اورجامعات کو مذہبی ہم آہنگی کے لیے بنیادی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر ہم قرآن کو صحیح معنوں میں سمجھیں اور اس پر عمل بھی کریں تو سارے اختلافات ختم ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختوانخواہ کی دیگر جامعات سے مل کر پورے صوبے میں اس طرح کے منفرد اور مثبت ورکشاپس اور سیمینار کا انعقاد کیا جائے اورجن میں دینی مدارس کے اساتذہ کرام اور طلبہ کو بھی مدعو کیا جاے، تاکہ معاشرے میں امن اور مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کا رویہ احسن طریقے سے فروغ پائے اور رواداری اور برداشت کی فضاء ہموار ہو۔

ورکشاپ سے خطاب میں وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمد رسول جان نے کہا کہ مشکل کے اس وقت میں معاشرہ کی نظریں جامعات پر لگی ہیں۔معاشرہ دیکھتا ہے کہ تعلیمی ادارے خصوصاً جامعات اپنا مثبت کردار کس طرح ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر رسول جان نے مزید کہا کہ شعبہ اسلامیات جامعہ پشاور اوراسلامی یونیورسٹی نے درست وقت اس ورکشاپ کا انعقاد کیا جس پر میں پشاور یونیورسٹی کی طرف سے اسلامی یونیورسٹی کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔

ورکشاپ سے ڈین فیکلٹی علوم اسلامیہ والسنہ شرقیہ پروفیسر ڈاکٹر معراج الاسلام ضیاء،،صدر شعبہ حدیث اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فتح الرحمان القرشی، معروف مذہبی اسکالر و سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرمحمدخالد مسعود، ، ڈاکٹر نورالحق قادری، مہتمم جامعہ جنیدیہ پشاور، ڈاکٹر عبدالحمید خروب، ڈاکٹر عبدالغفار بخاری نمل اسلام آباد اور مولانا اسرار مدنی نائب مدیر الحق نے بھی خطاب کیا۔

شرکاء نے ورکشاپ میں بھرپور حصہ لیا، گروپوں کی شکل میں مذہبی آہنگی اور عدم تشدد کے حوالے سے سوالات و جوابات کا سیشن ہوا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے اساتذہ ، علماء کرام اورمحققین نے حصہ لیا۔ عشائیہ کے بعد معروف صحافی و اینکر پرسن سبوح سید نے فرقہ واریت اور سوشل میڈیا کے عنوان سے شرکاء ورکشاپ کو ویوڈیوز اور تاثرات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :