کوئٹہ میں خود کش حملہ، بھارتی ایجنٹو ں کی کارروائی ہے، بیان بازی سے قوم تنگ آچکی، ٹھوس اقدامات کئے جائیں'پیر اعجاز ہاشمی

الزامات کی سیاست سے باہر نکل کر دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی تشکیل دینا ہوگی'جے یو پی بلوچستان کے صدر عبدالمجید جتک سے گفتگو

پیر 8 اگست 2016 21:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کوئٹہ میں خود کش حملے میں وکلا اور عام لوگوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھارتی ایجنٹو ں کی کارروائی قراردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ٹھوس اقدامات کرے، بیان بازی سے قوم تنگ آچکی ہے۔

جے یو پی بلوچستان کے صدر عبدالمجید جتک سے واقعہ پر گفتگو میں پیر اعجازہاشمی نے شہید وکلا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ی کاشکا ر پاکستانی قوم ایک عرصے سے اس عفریت کا مقابلہ کررہی ہے۔ اب الزامات کی سیاست سے باہر نکل کر دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی تشکیل دینا ہوگی ۔حکومتی دعوے بے نقاب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کے اچھے اثرات مرتب ہوئے تھے مگر دہشت گردی کا ابھی تک جاری رہنا چشم کشا اور افسوسناک ہے۔

قوم کو پس پردہ حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را کے اہلکار کل بھوشن کے انکشافات کی روشنی میں حکومت نے اقدامات کئے ہوتے تو بلوچستان کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا تھا، لیکن لگتا ہے کہ روایتی سستی جاری ہے۔ جس کی وجہ سے ڈیر ہ اسمعیل خان اور کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو نہیں روکا جاسکا۔