بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنیوالے دہشتگردوں کیخلاف پوری قوم متحد ہے ' پاکستان علما کونسل

حکومت بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے گل بھوشن یادوسمیت را کے تمام گرفتار ایجنٹوں کیخلاف دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمات چلائے ،ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،ہسپتالوں میں جنگ کے دوران بھی حملے نہیں کئے جاتے' طاہر محمود اشرفی ، زاہد محمود قاسمی و دیگر کا بیان

پیر 8 اگست 2016 21:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف پوری قوم متحد ہے ،ہسپتالوں میں جنگ کے دوران بھی حملے نہیں کئے جاتے۔ یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی قائدین چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا ایوب صفدر،مولاناعبد لکریم ندیم،مولانا اسعد زکریا،مفتی وحید احمد سواتی نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنے گی۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے گل بھوشن یادوسمیت را کے تمام گرفتار ایجنٹوں کیخلاف دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں اور ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان اور ایران کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرکے مسلسل جارحیت کررہا ہے ۔حکومت کو متعلقہ ممالک سے واضح انداز میں بات کرنی ہوگی اور دہشتگردی پھیلانے والے عناصر کو ہر صورت روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے ہوں گے۔