بم دھماکے میں سینئر وکلا ء اور صحافیوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے ، حکومت امن و امان برقر ارکھنے میں ناکام ہوچکی ہے ،طارق احمد جعفری

پیر 8 اگست 2016 19:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات طارق احمد جعفری نے کوئٹہ میں خود کش بم دھماکے میں وکلاء ،صحافیوں اور شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے کوئٹہ شہر کو فوری طورپر پاک فوج کے حوالے کیا جائے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں طارق احمد جعفری نے کہا کہ کوئٹہ شہرمیں تسلسل کے ساتھ بے گناہ شہریوں ،وکلاء ،ایف سی اور پولیس اہلکاروں،اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو تسلسل کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ان واقعات میں ملوث ملزمان آج تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقر اررکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں خود کش دھماکے اور فائرنگ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے دھماکے میں ملوث افرادمسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر کو پاک فوج کے حوالے کیا جائے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاتفریق ٹارگیٹڈ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء اور صحافیوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :