آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور وز یر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی کی وفاقی وزیر اُمورکشمیر سے ملاقات

مسلم لیگ(ن) کی آزادکشمیر میں کامیابی پر وفاقی وزیر کو مبارک باد وعدوں کی تکمیل ،شفافیت اور میرٹ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہوں گے،چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 8 اگست 2016 18:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے بھر پو راعتماد پر پورا اترے گی ۔انہوں نے یہ بات کل آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیر کے عوام نے بھی اُن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو دوتہائی اکثریت سے کامیابی دلوائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کے اس بھرپور اعتماد نے ہمارے کندھوں پر بڑی ذمہ داری ڈال دی ہے کہ ہم آزادکشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات ایک کردیں۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل ،صاف و شفاف طرز حکومت اورمیرٹ کی پاسداری مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہیں اور آزادکشمیر حکومت میں بھی ان خصوصیات پر عمل درآمد کرتے ہوئے محمد نواز شریف کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے چوہدری طارق فاروق اور ڈاکٹر نجیب نقی کو اپنی اپنی وزارت کے منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر حکومت کے تمام نئے وزراء اپنی وزارتوں میں کفاعت شعاری کے ساتھ ساتھ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اصلاحات کریں گے تاکہ ایک طرف آزادکشمیر حکومت کو گڈ گورننس کے حوالے سے مثالی بنایا جاسکے اور دوسری طرف محمدنواز شریف کے ترقی کے وژن کی تکمیل کے لیے اپنا احسن کردار ادا کریں۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام تر تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے ماضی میں بھی آزادکشمیر کی سابقہ حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کیا کیونکہ ہمارا نصب العین سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا ہے۔اس موقع پر چوہدری طارق فاروق اور ڈاکٹر نجیب نقی نے وفاقی وزیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ(ن)کی آزادکشمیر میں کامیابی میں بڑا مثبت اور کلیدی کردار اداکیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح وفاقی وزیر نے بھمبر تا فاروڈکہوٹہ مسلم لیگ (ن) اور محمدنواز شریف کا وژن پہنچایا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ دونوں وزراء نے اس عہد کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادکشمیر حکومت کو گڈ گورننس کے حوالے سے مثالی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے اور آزادکشمیر کی عوام کے مسائل کے حل اور خوشحالی کے لیے دن رات ایک کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :