سی پی این ای کی سول اسپتال کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت
تازہ ترین : 1

سی پی این ای کی سول اسپتال کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت

آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان اور ڈان ٹی وی کے کیمرہ مین محمود کی شہادت اور دنیا ٹی وی کے رپورٹر فرید اللہ کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اگست ۔2016ء) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سول اسپتال کوئٹہ میں اندوہناک بم دھماکے سے آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان اور ڈان ٹی وی کے کیمرہ مین محمود کی شہادت اور دنیا ٹی وی کے رپورٹر فرید اللہ کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سول اسپتال کوئٹہ میں دہشت گردی کو ایک انسانیت دشمن اقدام قرار دیا ہے۔

سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے میڈیا اور جمہوری اداروں پر اثر انداز ہونا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے وفاقی، حکومتی ریاستی اداروں کو یاد دلایا ہے کہ عوام، میڈیا کے اداروں اور املاک کا تحفظ ان کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی میں کوتاہی قطعاً نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی بھرپور اظہار کیا کہ دہشت گردی کے باوجود صحافی اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور عوامی اداروں، صحافیوں، اخبارات کے دفاتر اور میڈیا ہاوٴسز کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔سی پی این ای کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہید صحافیوں کے پسماندگان کے لئے فوری طور پر مالی امداد کا اعلان کیا جائے اور زخمیوں کومناسب طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔

وقت اشاعت : 08/08/2016 - 17:54:31

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں