آئی جی پنجاب نے صو بہ بھر میں سیکورٹی سخت کر نے کے احکامات جا ری کر دیئے

پیر 8 اگست 2016 16:36

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کوئٹہ دھماکوں کے بعد پنجاب بھر کے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کریں۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے سیکورٹی کے حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے ان پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات ، اہم مقامات، ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ بار، ضلع کچہری ، ہسپتالوں اور بازاروں میں سیکورٹی کے سخت سے سخت انتظامات کو موثربنانے کے ساتھ سا تھ پنجاب بھر کے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کوئیک رسپانس فورس کو بھی الرٹ رکھیں۔

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں گشت کو موثراور یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے حکم دیا کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں داخلی اور خارجی راستوں پرسیکورٹی مزید سخت کر دی جائے اور تمام گاڑیوں کوچیکنگ کے بغیر اضلاع میں داخل ہونے یا باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیکورٹی فورسسز کے ساتھ مل کر جہاں جہاں ضروری سمجھیں فوری طور پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاوٴن کریں اور مشکوک سر گرمیوں میں ملوث افراد کو اپنی گرفت میں لیں اور عوام بھی مشکوک افراد پر نظر رکھے ،مشکوک شخص نظر آنے پر پولیس کو فوری طور پر اطلاع کریں۔

متعلقہ عنوان :