کاشتکار وں کو توریا کی کاشت اگست میں مکمل کر نے کی ہدایت

پیر 8 اگست 2016 15:20

لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء) ترجمان محکمہ پنجاب نے کاشتکاروں کو توریا کی کاشت اگست کے اختتام تک مکمل کر نے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے مطا بق توریا کی قسم ”توریا ایس اے “پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں کامیابی سے کاشت کی جارہی ہے، توریا کی کاشت کیلئے زمین کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے،اِس کی کاشت کے لیے میرا زمین بہتر ہے کیونکہ ایسی زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ توریا کی کاشت کے لیے 2سے 3 مرتبہ ہل چلا کر زمین کو اچھی طرح تیار کرلیں۔

(جاری ہے)

توریا کی کاشت وسط اگست سے شروع ہوجاتی ہے کیونکہ اس میں گرمی کی شدت برداشت کرنے کی صلاحیت دوسری سرسوں کی اقسام سے زیادہ ہوتی ہے اور اس کا اگاوٴ بھی متاثر نہیں ہوتا۔ ترجمان نے کہا کہ کاشتکارتوریا کا بیج 1.5 سے 2کلوگرام فی ایکڑ کے حساب سے استعمال کریں، توریا کی فصل میں ڈی اے پی آدھی بوری فی ایکڑکے ساتھ اور آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں، علاوہ ازیں امونیم نائیٹریٹ اور سنگل سپر فاسفیٹ ایک ایک بوری فی ایکڑکے حساب سے بھی ڈالی جاسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ توریا کوپہلا پانی بجائی کے 15سے 20دن کے اندرلگا ئیں، دوسرا پانی پھول نکلتے وقت اور تیسرا پانی بیج بنتے وقت لگا ئیں۔

متعلقہ عنوان :