چنیوٹ رجوعہ میں خام لوہے سے چلنے والی سٹیل ملز کا قیام جلد ازجلدعمل میں لایا جائے ‘راجہ عدیل

پیر 8 اگست 2016 14:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ چنیوٹ رجوعہ کے مقام پر ملنے والے لوہے کے وسیع ترین ذخائر خوشحال پنجاب کی طرف پیش قدمی ثابت ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے چنیوٹ میں سٹیل ملز کے قیام کے لیے دلچسپی ظاہر کی تھی اس لیے چنیوٹ رجوعہ میں خام لوہے سے چلنے والی پہلی سٹیل ملز کا قیام جلد از جلد عمل میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کے قیام سے نہ صرف ملکی لوہے کی ضروریات پوری ہونگی بلکہ سٹیل بیرون ملک برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

راجہ عدیل نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی طرح سٹیل ملز کے قیام کیلئے سپیڈ پنجا ب کی اصطلاع استعمال کرتے ہوئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیوں کے زیر نگرانی معدنیات کی تلاش کے کام کا آغاز کیا گیا تھا اور یہاں فیز ون میں لوہے اور تابنے کے150سے200ملین ٹن تک کے ذخائر کی تصدیق ہوچکی ہے خام لوہے سے سٹیل بنانے کیلئے پراجیکٹ کی فزیبلٹی اس وقت جرمن اور اٹالین بین الاقوامی ماہرین کی زیرنگرانی آخری مراحل میں ہے اس لیے اس منصوبہ کو فوری طور پر پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ملک سٹیل کی پیداوار میں خودکفیل ہوسکے اور سٹیل کے قیمتوں میں بھی استحکام پیدا ہوسکے نیز سٹیل کی برآمدات سے ملک کثیر زرمبادلہ بھی حاصل کرسکتا ہے ۔