چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ اوروہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں چینی سرمایہ کاری خوش آئند ہی‘ظہیر بھٹہ

پیر 8 اگست 2016 14:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی وایگز یکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں چینی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے انڈسٹریل اسٹیٹس سے پنجاب میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ،چینی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے انڈسٹریل اسٹیٹس میں نئے صنعتوں کے قیام سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہونگی بلکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلدون جاوید ملک سینئر وائس چیئرمین ،محمد اعظم چوہدری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب میں سرمایہ کاری کی ترغیب کیلئے سرمایہ کاروں کو صنعتوں کے قیام کے لیے مفت اراضی کی فراہمی کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

نئی صنعتوں کے قیام سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے لاکھو ں مواقع دستیاب ہونگے اور پنجاب صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان سمیت خطے کے مختلف ممالک کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا نئی انڈسٹریز کے قیام روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونے سے ملک سے بے روزگار کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔