برصغیر کی معروف پاپ سنگر نازیہ حسن کی 16 ویں برسی 13اگست کومنائی جائے گی

پیر 8 اگست 2016 13:48

برصغیر کی معروف پاپ سنگر نازیہ حسن کی 16 ویں برسی 13اگست کومنائی جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 اگست۔2016ء) برصغیر کی معروف پاپ سنگر نازیہ حسن کی 16 ویں برسی 13اگست کومنائی جائے گی پرائیڈ آف پرفارمنس نازیہ حسن 13اگست 2000ء کو اس دنیا سے رخصت ہو گئی تھیں۔ نازیہ حسن 3اپریل 1965 ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں انہوں نے اپنا بچپن کراچی اور لندن کے تعلیمی اداروں میں گزارا ۔1980ء میں نازیہ حسن صرف 15برس کی عمر میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارت کے معروف فلم ساز فیروز خان کی فلم ” قربانی “ میں ” آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے “ گایا ۔

نازیہ حسن نے پی ٹی وی پر متعدد پروگرام اور ٹی وی کمرشلز میں بھی کام کیا۔ نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں ایک نئی جہت روشناس کروائی انہوں نے 80کی دہائی میں موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے پاکستانی نوجوان نسل کے ساتھ بیرون ملک بھارت،امریکہ،عرب امارات،لاطینی امریکہ سمیت دنیا بھر میں بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی اسی وجہ سے نازیہ حسن کو پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بلبل ایشیاء نازیہ حسن کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آج کے گلوکار بھی نازیہ حسن کے گائے ہونے گانے دوبارہ گا کر شہرت حاصل کر رہے ہیں۔نازیہ حسن 13اگست2000ء کو لندن کے ایک اسپتال میں صرف 35برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں وہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔نازیہ حسن کو پرائڈ آف پرفارمنس ،بیسٹ فی میل پلے بیک ایوارڈ،15گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔