زندگی میں لاتعداد عشق کیے مگر میرے نزدیک محبت ایک فضول چیز ہے ‘ قوی خان

پیر 8 اگست 2016 13:12

زندگی میں لاتعداد عشق کیے مگر میرے نزدیک محبت ایک فضول چیز ہے ‘ قوی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ میں واحد اداکار ہوں جو پچھلے 60سالوں سے شوبز میں کام کر رہا ہوں ، ریڈیو ، ٹی وی ، اسٹیج اور فلموں میں مسلسل 60سالوں سے اداکاری کررہا ہوں ، میں نے ہمیشہ اپنا کام ایمانداری سے کیا ہے ،میں نے اپنی دنیا بسا رکھی ہے اور اسی میں خوش رہتا ہوں ۔ ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک محبت ایک فضول چیز ہے جس میں دو بیوقوف ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں ،میں اس پر یقین نہیں رکھتا ہے ۔

میں نے بھی زندگی میں لاتعداد عشق کیے ہیں مگر وہ یکطرفہ تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ میری دوست تھی اور میں نے ان کو شادی کے لئے پرپوز کیا جو انہوں نے قبول کر لی جس کے بعد پانچ ہزار روپے میں ہم دونوں کی شادی ہو گئی اور ولیمے والے دن بھی جب مہمان تقریب میں شریک تھے تو میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھا ۔

(جاری ہے)

قوی خان نے کہا کہ میری بیوی میری محبوبہ ہے اور ہر روز میرا اس کے ساتھ جھگڑا ہوتا ہے ۔

کام کے سلسلے میں آج کل کراچی میں ہوں اور میری اہلیہ لاہور میں ہے لیکن میں روزانہ فون کر کے اس کے ساتھ جھگڑا ضرور کرتا ہوں اور اس کو بڑا انجوائے کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی موجودہ زندگی سے مکمل مطمئن ہوں اور اپنے کام سے کام رکھتا ہوں دوسرے کے معاملات میں دخل دینے سے گریز کرتا ہوں ۔