آصف علی زرداری کا کوئٹہ سول ہسپتال میں دھماکے کی مذمت

دہشتگرد کبھی بھی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے‘آصف علی زرداری

پیر 8 اگست 2016 13:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیر کی صبح دہشتگردں کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں معصوم افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ پیر کی صبح بلوچستان بار کے صدربلال انور کاسی کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کر دیا گیا تھا اور ان کی میت سول ہسپتال لائی گئی تھی اور وکلاء ان کے قتل پر احتجاج کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا بھی موجود تھا اور وکلاء اور میڈیا بھی اس دھماکے میں متاثر ہوئے۔ سابق صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد کبھی بھی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انھوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو اس طرح دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سابق صدر نے کہا کہ اس ظلم کو روکنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مدد سے دہشتگردوں کو شکستِ فاش دے گی۔ سابق صدر نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کی روحوں کے ایصالِ ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔