بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں،عالمی برادری بے گناہ افراد کے خلاف بھارتی افواج کا ریاستی تشدد، قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا فورا نوٹس لیا جائے

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کا برمنگھم میں پاکستانی قونصل خانہ میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 6 اگست 2016 22:30

لندن۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6 اگست ۔2016ء) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہفتے کو یہاں موصول پریس ریلیز کے مطابق برمنگھم میں پاکستانی قونصل خانہ میں ایک تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں میئرز، کونسلرز، کاروباری شخصیات، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ابن عباس نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ افراد کے خلاف بھارتی افواج کا ریاستی تشدد، قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا فورا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی زیر قیادت پاکستان میں ہونے والی ترقی، خوشحالی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں قیام امن کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرقیادت حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوگیا ہے، ان کی قربانیاں رنگ لائی ہیں۔

متعلقہ عنوان :