مسجد اقصی کو غیرمسبوق اسرائیلی خلاف ورزیوں کا سامناہے ، فلسطینی اوقاف

ہفتہ 6 اگست 2016 16:54

بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اگست ۔2016ء) بیت المقدس میں اسلامی محکموں نے کہاہے کہ مسجد اقصی کو غیرمسبوق نوعیت کے خطرات کا سامنا ہے۔ یہ سنگین خلاف ورزیاں محکمہ اوقاف کے کئی ملازمین کی گرفتاری اور اسرائیلی اجازت کے بغیر اوقاف کو بحالی کی کارروائیوں سے روک دینے کے بعد سامنے آئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مسجد اقصی کے امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناجح بکیرات نے کہاکہ اسرائیل کی مذکورہ کوششوں کا مقصد محکمہ اوقاف کو اسرائیلی سرکاری محکموں کے اندر لانا ہے۔

انہوں مزید بتایا کہ فلسطینی اوقاف اب اپنی ہر ضرورت کے لیے اسرائیلی اجازت ناموں اور وزارت آثار کا محتاج بن کر رہ گیا ہے۔ ان تمام پیش رفت کی روشنی میں ہمیں انتہائی خطرناک اقدام کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

فلسطین میں اسلامی تعاون تنظیم کے نمائندے ایڈوکیٹ احمد رویضی کے نزدیک اسرائیل مسجد اقصی کی مکانی تقسیم پر مہر ثبت کرنا چاہتا ہے ، اس کے بعد بتدریج محکمہ اوقاف کو بے اختیار بنا کر دوسرے مرحلے کی جانب منتقل ہوگا۔

معلوم رہے کہ مسلمانوں کی جانب سے مسجد اقصی کا انتظام و انصرام اردن کے پاس ہے۔محکمہ اسلامی اوقاف کے نزدیک بیت المقدس میں جو کچھ ہو رہا ہے اس نے سْرخ لکیروں کو بھی پار کرلیا ہے اور یہ بیت المقدس پر قبضے کے بعد اپنی نوعیت کے غیرمسبوق واقعات ہیں۔ اسرائیلی حکام نے اوقاف کے متعدد ملازمین کو گرفتار کیا اور اسرائیلی محکمہ آثار کی اجازت کے بغیر قْبی الصخرہ (سنہرے گنبد) اور حرم کے صحن کی مرمت کا کام کرنے سے روک دیا۔

حالیہ چند ہفتوں میں اسرائیل نے مسجد اقصی کے میڈیا ترجمان فراس الدبس کو اوقاف کے دو ملازمین کی گرفتاری کے مشترکہ طور پر چھ ماہ کے لیے مسجد اقصی سے بے دخل کردیا۔ ادھر بیت المقدس میں اسلامی حلقوں کی جانب سے تقسیم کیے جانے والے پمفلٹ میں عربوں اور مسلمانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کی اس جارحیت کے مقابل اپی ذمہ داری کو پورا کریں۔

متعلقہ عنوان :