مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کا شکار کشمیریوں کا علاج کروانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 6 اگست 2016 14:26

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کا شکار کشمیریوں کا علاج کروانا چاہتے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 اگست 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جو کہ پاکستان کو طبی امداد فراہم کرنے پر مجبور کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے زخمی ہونے والے کشمیریوں کا علاج کروانا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی آپریشن کے ذریعے شہریوں کو چھلنی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کو طبی امداد تک رسائی کی اجازت بھی نہیں دے رہی۔عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے معصوم کشمیریوں کو امداد کے لیے عالمی برادری اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے والے اسپتالوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کشمیر میں زخمیوں کے علاج کے لیے انتظامات کیے جائیں اور پیلٹ گن سے زخمی ہونے والے افراد کی بینائی کے علاج کے لیے بھی بندوبست کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان زخمی کشمیریوں کے قیام اور علاج کے اخراجات برداشت کرے گی۔