کینیڈا کا عالمگیریت کے خلاف منعقدہ ورلڈ سوشل فورم میں شرکت کیلئے آنے والے دو سو غیر ملکی مندوبین کو ویزہ دینے سے انکار

ہفتہ 6 اگست 2016 13:45

مانٹریال ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اگست۔2016ء) کینیڈا کے حکام نے عالمگیریت کے خلاف منعقدہ ورلڈ سوشل فورم میں شرکت کیلئے آنے والے دو سو غیر ملکی مندوبین کو ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔ کینیڈین حکام کے مطابق ورلڈ سوشل فورم آئندہ منگل کے روز کینیڈا کے شہر مونٹریال میں منعقد ہورہا ہے۔ ورلڈ سوشل فورم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اب تک امیگریشن حکام نے 234 مندوبین کو سیاحتی ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے اور اس تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

منتظمین کے مطابق کینیڈا کے امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ویزے کیلئے جن درخواست گزاروں کو انکار کیا گیا ہے ان کی اقتصادی اور سماجی حیثیت اور سفری ریکارڈ کو مدنظر رکھا گیا ہے اور اس بات کے امکانات موجود تھے کہ یہ لوگ کینیڈا آنے کے بعد واپس جانے سے انکار کرتے ۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ درخواستیں کانگو، مراکش، ایران، نائیجیریا، ہیٹی اور نیپال کے مندوبین کی مسترد کی گئی ہیں۔

حکومتی عہدیداروں نے ان اطلاعات پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم محکمہ امیگریشن کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ ہم نے ورلڈ سوشل فورم کے منتظمین سے مل کر کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔ جن درخواست گزاروں کو ویزہ دینے سے انکار کیا گیا ہے ان میں مالی کی سابق وزیر ثقافت امینا تراور اور فلسطینی پوسٹل یونین کے صدر عماد تمیزہ بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :