قبرص میں چھ کروڑ سے زائد مالیت کی کوکین برآمد

ہفتہ 6 اگست 2016 11:38

نکوسیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اگست ۔2016ء) قبرص کی پولیس نے بڑی کارروائی کرکے 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی 156 کلو گرام کوکین برآمد کرکے قبضے میں لے لی۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اتنی بڑی مقدار میں کوکین ساحلی شہر لیماسول کے قریب ایک ویئر ہاوٴس سے برآمد کی گئی، جو وہاں موجود الیکٹرک جنریٹرز کے فیول ٹیکس میں چھپائی گئی تھی۔

لیماسول کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ یہ کوکین جنوبی امریکا، ممکنہ طور پر چلی سے آئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کوکین نیدرلینڈز سمیت کئی یورپی ممالک سے ہوتی ہوئی قبرص پہنچی، لیکن کسی ملک میں اس کا پتہ نہیں لگایا گیا۔پولیس چیف نے مزید کہا کہ یہ اب تک ملک میں برآمد کی جانے والی کوکین کی سب سے زیادہ مقدار ہے، مارچ 2015 میں 100 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی تھی۔پولیس کا ماننا ہے کہ یہ کوکین قبرص سے کسی دوسرے ملک برآمد کی جانی تھی۔اتنی بڑی مقدار میں کوکین برآمد کیے جانے کے بعد ویئرہاوٴس کے 53 سالہ مالک کو حراست میں لے لیا گیا،جنریٹرز کا آرڈر دینے والی کمپنی کے ڈائریکٹر کے وارنٹ گرفتاری کردیئے گئے، تاہم ملک سے باہر ہونے کے باعث اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

متعلقہ عنوان :