حکومت سے اپنی روٹی اور مکان بچانے کی کوششیں

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 4 اگست 2016 20:23

کندیاں (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 04 اگست۔2016ء )تحصیل پپلاں کے مختلف چکوک کا قیمتی رہائشی اور زرعی رقبہ مالکان سے اونے پونے لیکر محکمہ جنگلات کے سپرد کرنے کے پنجاب حکومت کے فیصلہ کے خلاف یو سی ہرنولی رورل کے 3 چکوک 7/8/9 DB کے سینکڑوں علاقہ مکینوں کا چک نمبر 8ڈی بی ہرنولی کے پرائمری سکول میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک فیروز جوئیہ اور چئیرمین یو سی ہرنولی رورل ملک ممتاز احمد اسڑ کے علاوہ معززین علاقہ سمیت تینوں چکوک کے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب کے فیصلہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس کے شرکاء اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے چئیرمین یو سی ہرنولی ملک ممتاز احمد اسڑ نے پنجاب حکومت کے اس فیصلہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقہ کی رہائشی آبادیوں کو مسمار کر کے وہاں جنگل بسانے کے فیصلے کی کونسا قانون اجازت دیتا ہے یہ تو سرا سر انسانی حقوق کی پامالی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات نے پہلے سے لگے جنگلوں کو خود اجاڑ دیا ہے اور جنگلات چٹیل میدان بن چکے ہیں اب ہمارے علاقہ کے غریب لوگوں کے گھروں کو مسمار کرنے پر تلے ہوئے ہیں ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دینگے انہوں نے کہا کہ جو شخص بھی انسانی حقوق کی پامالی پر یہاں سیاست چمکانے کی کوشش کرے گا وہ منفی سوچ کا مالک ہو گا اور اس مسئلہ پر کسی کو سیاست نہیں چمکانا ہو گی ۔

ہم نے یہاں سیاست ہرگز نہیں کرنی بلکہ لوگوں کے جائز حق کے لیئے آواز بلند کر کے انکا ساتھ دینا ہے اور ہم انشاء یہ ثابت کریں گے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے علاقہ کے عوام کے حقوق کی پامالی کا اجتماعی مسئلہ ہے اس لیئے میں پی ٹی آئی کے تمام منتخب ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی کے تمام ورکروں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس مسئلہ پر مل جل کر جدو جہد کریں انہوں نے کہا اگر پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو ڈی سی او آفس میانوالی کے باہر بھی دھرنا دیکر احتجاج کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو سڑکیں اور روڈ بھی بند کر دینگے اور اپنا حق لینے کے ہر قربانی دینگے جس پر علاقہ مکینوں نے چئیرمین ملک ممتاز احمد اسڑ کی ا س کاوش کو خوب سراہا۔

سابق مسلم لیگی ایم پی اے حاجی ملک فیروز جوئیہ نے متاثرین اور علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حلقہ کے عوام سے کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور اگر رہائشی آبادیاں گرا کر یہاں جنگلات بسانے کی کوشش کی گئی تو ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دینگے انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر وزیر اعلی پنجاب ، حکومت پنجاب اور ڈی سی او میانوالی بھی بات کریں گے اور اس غیر دانشمندانہ فیصلہ کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا انہوں نے متاثرین علاقہ کو یقین دلایا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں انکے ساتھ ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور غریب لوگوں کے گھروں اور قیمتی زمینوں کو محکمہ جنگلات کو دینے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔