بینک آف آزاد جموں و کشمیرریاست کا منافع بخش مالیاتی ادارہ بن چکاہے، ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا

بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ترجمان کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 4 اگست 2016 13:39

مظفر آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اگست ۔2016ء)بینک آف آزاد جموں و کشمیر ریاست کا منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ بینک کے اثاثہ جات اور صارفین کے کھاتے مزید محفوظ بن چکے ہیں جو کہ اعلیٰ بینکاری معیار کے مطابق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بینک کے ایک ترجمان نے یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بینک کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے پروپگنڈہ کیا جاتا ہے۔

لیکن اس گمراہ کن مہم کے باوجود بینک صارفین کے زبردست تعاون سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ ریاست کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں بینک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور بینک کی دس سالہ شاندار ترقی کے صاف و شفاف عمل کو کسی سازش سے جھٹلایا نہیں جا سکتا ہے۔ قومی بینک کو کامیابی کے سفر سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔

(جاری ہے)

زاتی مفادات کے لئے بینک کے خلاف بے بنیاد، من گھڑت اور بد نیتی پر مبنی پروپگنڈہ کرنے والوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

ان کے خلاف عدالت میں کیس زیر التوا ہے تا کہ بینک کو انصاف مل سکے۔ تا ہم سازشی عناصر اپنی طاقت کے گھمنڈ میں عدالت کو بھی کسی خاطر میں نہیں لاتے۔یاد رہے بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے صارفین کے مفادات کو مزید تحفظ دینے کے لئے لیجر سسٹم بطور متبادل احتیاطی تدابیر کے طور پربحال رکھا ہے تا کہ ریاست کی مخصوص جغرافیائی صورتحال کی وجہ سے کبھی مواصلاتی رابطوں میں خلل کے باعث صارفین مشکلات سے ددوچار نہ ہوسکیں۔

بینک کے ایکسٹرنل آڈیٹرز کی تجویز پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ بینک کے اثاثہ جات اور صارفین کے کھاتوں کو مزید تحفظ دیا جا سکے۔ شر پسند بینک کے ہر ایک مثبت کام کو غلط رنگ میں پیش کر کے عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کی تبدیلی پر ایسے جھوٹے پروپگنڈہ کا سہارا لے کر اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے تا کہ نئی حکومت میںآ نے والے نئے لوگوں کو بد ظن کیا جائے۔ بینک کا ریکارڈ صاف و شفاف ہے جو بینک کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ چند مفاد پرست عناصربد نیتی اور جھوٹے پروپگنڈہ سے بینک کے صاف و شفاف نظام کو جھٹلا نہیں سکتے ہیں کیوں کہ ریاستی معزز صارفین جان چکے ہیں کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کامیاب منافع بخش قومی ادارہ بن چکا ہے۔ جس کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔