سید علی گیلانی، یاسین ملک اورجماعت اسلامی کی طرف سے بیگناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت

جمعرات 4 اگست 2016 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں چھتہ بل اور لیتہ پورہ میں دو نوجوانوں ریاض احمد شاہ اور فاروق احمد کوچھے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بیگناہ نوجوانوں کے قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے چھتہ بل جا کر شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کیلئے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہانا ایک معمولی بات بن چکی ہے اور وہ سزا کے خوف سے مبرا ہو کر مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی کٹھ پتلی حکومت بیگناہ شہریوں کے قتل میں برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی قتل عام کیلئے پر امن احتجاج کرنے والوں کو ہی مورد الزام ٹھہرارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ احتجاج کرنے والے کیمپوں اور پولیس تھانوں پر حملہ کرتے ہیں لہذا ان پر گولی چلانے کے سوا کوئی دورسرا راستہ نہیں ہے تاہم بچوں ،عورتوں اور بزرگوں کا قتل ان کے جھوٹ کا پول کھول رہا ہے ہیں۔

محمد یاسین ملک نے کہ جب چھتہ بل میں ریاض احمدکو کو پیلٹ بندوق سے نشانہ بنایا گیا ا س وقت علاقے میں کوئی احتجاج نہیں ہو رہا تھا اور اسی طرح سے لیتہ پورہ میں سیدھا سروں اور چھاتیوں کا نشانہ لیکر لوگوں پر فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے فاروق احمد کوچھے نامی جوان جاں بحق جبکہ سہیل احمد شدید زخمی ہوا ہے۔ محمد یاسین ملک نے استفسار کیا کہ ان لوگوں نے کون سے کیمپ یاتھانے پر حملہ کیا تھا۔

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی لیتہ پورہ اور چھتہ بل میں فاروق احمد کوچھے اور ریاض احمد شاہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہ بے گناہ کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ایسا لگ رہا ہے کہ بھارتی فورسز کو کشمیریوں کے خون کا چسکا لگ گیا ہے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانا ان کا مشغلہ بن چکا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت دراصل کشمیریوں کے بے دریغ قتل عام کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو دبانے کو کوشش کر رہا ہے جس میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم کے علاوہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اپنے وفود علاقے میں بھیجیں اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ ترجمان شہداء کے لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :