شہید بُرہان کے خون نے تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی‘سید علی گیلانی

جمعرات 4 اگست 2016 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہید بُرہان مظفر وانی کو بعد از شہادت” تمغہ عزیمت“ سے نوازنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کی موجودہ شدت اور اس کا پھیلاوٴ شہید بُرہان وانی کے پُرخلوص جذبے اور جرأت کا نتیجہ ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں خواتین اور بچوں سمیت سب کو یکسو ہوکر بھارت کے خلاف جدوجہد میں پھر ایک بار سرگرم کر دیا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید برہان کے خون نے تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی اور کشمیری اپنے اس عظیم مجاہد کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے شہید کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ نیک والدین کی تربیت سے اسلام اور آزادی کے ایسے ہی متوالے پروان چڑھتے ہیں۔ حریت چیئرمین نے ترکی کا شکریہ ادا کیا جس نے اسلامی کانفرنس کی طرف سے فیکٹ فاینڈنگ مشن کشمیر بھیجنے کی سفارش کی ہے۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اسی طرح باقی اسلامی ممالک بھی مظلوم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں گے جو ان کا اخلاقی اور انسانی ہی نہیں بلکہ دینی فریضہ بھی ہے۔ سید علی گیلانی نے جموں وکشمیر کے حالات پر نظر رکھنے کے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کے مون کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ادارہ اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمدکرانے میں ناکام رہا ہے اور کشمیر کے گلی کوچوں میں بہنے والی خون کی ندیاں اس ادارے کے لیے کوئی تشویش کی بات نہیں۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ سے سوال کیاکہ کیا اس کاکام صرف صورتحال پر نظررکھنا اورکشمیر میں روانہ شہیداور زخمی ہونیوالے کشمیریوں کا حساب رکھنا ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ پوری دنیا خاص طورپرجنوبی ایشیا میں امن و استحکام اور خوشحالی اور اس خطے کوجوہری تجربہ گاہ بنانے سے بچنے کے لیے اقوامِ متحدہ اوردیگر عالمی طاقتیں کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔

انہوں کشمیری خواتین کی طرف سے پُرامن مظاہروں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس نظم ونسق اور جرأت سے ہماری ماوٴں اور بہنوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش اور قابل تحسین ہے۔ انہوں نے پولیس کی طرف سے خواتین کے پرامن احتجاج پر طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ۔

متعلقہ عنوان :