سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ممکنہ حد تک ان ڈو رکھیلوں کاانتظام ہونا چاہئے،پرویز خٹک

تحصیل کی سطح پر گراؤنڈز کی تعمیر پر عملی پیش رفت،47 سکولوں کی منظوری دی گئی ،33 کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے گراؤنڈز منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق ،تحصیل کی سنٹرل لوکیشن میں تعمیر کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 3 اگست 2016 22:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں مکمل ہوجانے والے33 تحصیل گراؤنڈز کو متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کیلئے مینجمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل کرنے اور ایگریمنٹ کا فارمولا وضع کرکے آئندہ ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ باقی ماندہ زیر تعمیر47 گراؤنڈز کو ستمبر تک مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرویز خٹک نے ہدایت کی ہے کہ یہ گراؤنڈکھیلوں کیلئے بنائے گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے ان کا استعمال نظر آنا چاہیئے۔ انہوں نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور جس کیلئے 700 ملین روپے پہلے مرحلے میں مختص کئے گئے ہیں ، نوشہرہ سپورٹس کمپلیکس جو اے ڈی پی کا حصہ ہے اور کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ممکنہ حد تک ان ڈو رکھیلوں کاانتظام ہونا چاہیئے۔صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق تحصیل کی سطح پر گراؤنڈز کی تعمیر پر عملی پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا ۔ پہلے مرحلے میں 47 سکولوں کی منظوری دی گئی جن میں سے 33 کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور بعض تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ منصوبے پر سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2015-16 میں مختص200 ملین روپے اور سپلیمنٹری گرانٹ سمیت مجموعی طو ر پر 385.996 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔

دوسرے مرحلے میں پشاور کے چارٹا ونز سمیت 30 گراؤنڈز شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دوسرے مرحلے میں شامل آٹھ گراؤنڈز کا فزیکل سٹیٹس پیر کو طلب کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متنازعہ زمین کی جگہ پرغیر متنازعہ زمین کا فور ی طور پر انتظام کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ گراؤنڈز منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق اور تحصیل کی سنٹرل لوکیشن میں تعمیر کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں انہوں نے کہا کہ ٹیکنکل ٹیمیں مکمل شدہ گراؤنڈ کا معائنہ کریں اور رپورٹ دیں کیونکہ صوبائی حکومت تعمیر اتی کام کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبے کی سطح پر ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے اور اس کا طریقہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو اورضلع ، ڈویژن اور صوبے کی سطح پر ایک مکمل سٹرکچر ہو ناچاہئیے گراؤنڈ کی تعمیر سائنسی بنیادوں پر کی جائے،اگر پی سی ون میں مزید گنجائش ناگزیر ہو تو کرلیں باقی ماندہ گراؤنڈز کی ٹینڈرنگ اور تکمیل میں چھ ماہ سے زیادہ نہیں لگنے چاہئیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پر وسیجر میں کمزوریاں دور کی جائیں اور سمری مکمل تفصیل کے ساتھ بھیجی جائے ورنہ کاروائی ہو گی۔ صوبائی وزیر کھیل محمود خان، وزیرقانون امتیاز شاہد قریشی ،چیف سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :