تعلیم کے شعبے کو مزید مظبوط بنا کر ہی ہم اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں،حاجی محمد ابراہیم ثنائی

حکومت کا عزم ہر صورت میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے جس کیلئے کوئی بھی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائیگا، وزیر تعلیم گلگت بلتستان

بدھ 3 اگست 2016 22:18

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم و اطلاعات حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کو مزید مظبوط بنا کر ہی ہم اپنی آئیندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی تعیناتی کے لیئے ہونے والے انٹرویوز کے بعد آنے والے اعتراضات کے بعد انکے تعلیمی کوائف کی جانچ پڑتال ہو رہی ہے ۔

بلتستان کے علاوہ گلگت ریجن میں آنے والے دنوں میں انٹرویوز ہونے جارہے ہیں جس کے بعد امیدواروں کے نتائج کا اعلان ہوگا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ انکی حکومت کا عزم ہر صورت میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے جس کیلئے کوئی بھی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہناتھا کہ نجی شعبے میں قائم سکولوں کی مدد سے شعبہ تعلیم کو مزید موثر اور بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے حلقے گھنگچے میں ڈغونی، بلغار، کھرکو، غواڑی ، کریس، کواردو اور تھلے کے مختلف وفود اور سیاسی کارکنوں سے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔ انکو حلقے کی عوام نے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور صوبائی وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیئے جاری منصوبوں سمیت نئی سکیمز پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔

علاقے میں گندم کی کمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور روزگار کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے صوبائی وزیر تعلیم و اطلاعات نے جلد سے جلد عملی اقدامات کرنے اور درپیش دشواریوں پر قابو پانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم اپنے حلقے میں سنٹرل ایشیاء ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے سکول کے معاملات کے بارے میں ایک اہم کمیٹی اجلاس کی سربراہی بھی کرینگے جس میں سکول اور کمیونٹی کے مسائل زیر بحث آئیں گے۔

تھلے میں سرکردگان علاقہ اور پارٹی ورکرز کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں معززین علاقہ اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کریں گے۔ صوبائی وزیر حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے اپنے دورے کے موقع پر مختلف عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کیا اور عوام کو یقین دہانی کرائی کہ علاقے کے مسائل کو اسمبلی کے فورم پر وہ زیر بحث لاکر عوام دوست منصوبوں کی تکمیل کے لیئے ہر ممکن کوششیں کرینگے۔ انکا کہنا تھا کہ میرٹ پر مبنی فیصلے کئے جا رہے ہیں اور اسی پالیسی کے تحت تما م شعبوں میں بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :